خاتون کو گالی دینا کم ظرفی اور گھٹیاپن ہے کیونکہ تمہیں کسی خاتون نے ہی جنم دیا ہے: حسن نثار

معروف صحافی اور تجزیہ نگار حسن نثار نے خلیل الرحمان قمر کی جانب سے ماروی سرمد کو گالی دینے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون کو گالی دینا کم ظرفی اور گھٹیاپن ہے کیونکہ تمہیں کسی خاتون نے ہی جنم دیا ہے۔ حسن نثار نے مزید کہا ہے کہ ماروی مجھے بہت عزیز ہے، کسی کو چھیڑنے میں ماروی سرمد کا بھی جواب نہیں لیکن گالی دینا غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بہت منہ توڑ جواب دینے والا آدمی ہوں لیکن اگر کوئی خاتون ہوگی مجھ سے کم عمر ہوگی ، مجھ سے بدتمیزی کرے گی تو مجھے غصہ بہت آئے گا لیکن میں جواب نہیں دوں گا۔

ماروی سرمد سے متعلق حسن نثار نے کہا کہ ماروی مجھے بہت عزیز ہے، وہ بنیادی طور پر جارحانہ ہے کسی کو چھیڑنے میں ماروی سرمد کا بھی جواب نہیں۔

یہ کیس نہلے پہ دہلے کا نہیں، نہلی پہ دہلہ ہے۔ حسن نثار نے میرا جسم میری مرضی کے نعرے پر کہا کہ اس نعرے میں بنیادی سقم ہے۔ اگر کوئی شخص اٹھ کر کہے کہ میرا گھر میری مرضی۔ میں تو اس میں اڈا چلاؤں گا۔ میرا ہاتھ میری مرضی ، میں تمہیں تھپڑ ماروں گا۔ خواتین کے حقوق کے مطالبے پر حسن نثار کا کہنا تھا کہ اپنے حقوق کا مطالبہ مردوں کیساتھ ملکر کریں۔اگر بھائی حقوق نہیں دے رہا، باپ نہیں دے رہا تو ایجوکیٹ کریں۔ یہ گند پڑے گا ، اسکے علاوہ اور کچھ نہیں۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ جن کے باپ غلام، بھائی غلام، شوہر غلام اور تم آزادی مانگ رہے ہو، کچھ خدا کا خوف کرو، یہاں کوئی آزاد نہیں ہے۔ یاد رہے کہ نجی نیوز چینل کے ایک لائیو شو میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور خاتون صحافی ماروی سرمد کے درمیان انتہائی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔جس کے بعد یہ ساری بحث شروع ہوئی۔