پی سی بی کا میچ ملتوی کرنا اچھا اقدام ہے: شعیب اختر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کہنا ہے پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کے سیمی فائنل اور فائنل کے میچز ملتوی کرنا ایک اچھا اقدام ہے۔ شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ پہلے پی ایس ایل منسوخ کر کے کہنا چاہیے تھا ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈاؤن ہوگیا ہے، تقریبات منسوخ ہوگئی ہیں ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے بڑھنے کے پیشِ نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شعیب اختر کا پی سی بی کے اس فیصلے کے حوالے سے کہنا ہے کہ کراؤڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، میچ ملتوی کرنا ایک اچھا اقدام ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات کے باعث پی ایس ایل ملتوی کیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وسیم خان نے کہا کہ کورونا پوری دنیا کو متاثر کررہا ہے تو کرکٹ بہت چھوٹی بات ہے، ہم نے پی ایس ایل مکمل کرانے اور اس سے منسلک تمام لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے، اس کے لیے میچ بھی کم کیے۔

ہم نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا، آج میچز کھیلنے کے لیے تیار تھے، چاروں ٹیمیں تیار تھیں اور فرنچائز نے بھی کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات ہیں، مشتبہ کھلاڑی کاپتہ چلنے کے بعد ایونٹ ملتوی کرنیکا فیصلہ کیا، پی ایس ایل میچز ملتوی کرنیکا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ ہے، غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جاچکا ہے، مشتبہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ حالات بہتر ہوں گے تو فرنچائزز سے بات چیت کے بعد مقابلے ہوںگے۔