کورونا وائرس پر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب

سپیکرقومی اسمبلی کے اسد قیصر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو طلب کرلیا ہے. اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت کورونا وائرس پرپارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 6 اپریل کو دوپہر 12 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر25 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی صدارت کریں گے، اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیرتجارت رزاق داﺅد بریفنگ دیں گے.
اجلاس میں مشیران ملکی معیشت اور تجارت پر اثرات اور معیشت کے بحالی پلان پر بریفنگ دیں گے جبکہ ڈاکٹر ظفر مرزا اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین بھی پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے.

اجلاس میں کمیٹی کے ممبران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی شریک ہوں گے پارلیمانی کمیٹی کورونا وائرس سے متعلق مانیٹرنگ کیلئے قائم کی گئی ہے کورونا وائرس کے معیشت پرمنفی اثرات کا جائرہ بھی کمیٹی کے دائرہ اختیار میں شامل ہے، پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 12اور سینیٹ سے 13 پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں.

ادھر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وسائل کے استعمال کی شفافیت کو نگرانی کے ذریعہ یقینی بنایا جائے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو لکھے گئے خط میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل کے استعمال کی پارلیمانی نگرانی بہت ضروری ہے. اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کورونا وائرس کا معاملہ عوامی صحت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے پاکستان یہ جنگ محدود وسائل اور فنڈز سے لڑ رہا ہے انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کااجلاس بلانے کے اقدام کو سراہتے ہیں.