سعودی عرب میں پھنسے 226 عمرہ زائرین خصوصی پرواز کے ذریعے واپس پاکستان پہنچ گئے

سعودی عرب میں پھنسے 226 عمرہ زائرین خصوصی پرواز کے ذریعے واپس پاکستان پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ایئرلائن کی خصوصی پرواز ایس وی3800 کے ذریعے 226 عمرہ زائرین ملتان پہنچ گئے ہیں۔ تمام زائرین کو 14روز تک قرنطینہ سینٹرز میں رکھا جائے گا جس کے بعد انہیں ان کے گھروں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
یہ عمرہ زائرین کو پاکستان پہنچانے والی دوسری پرواز ہے۔ پہلی پرواز 15اپریل کو 254مسافروں کو لیکر لاہور گئی تھی۔

جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو نے عازمین کو جدہ ائرپورٹ سے رخصت کیا۔ حجاج کرام نے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان واپسی کا انتظام کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی پروازوں کی بندش کی وجہ سے سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ان کے بورڈنگ ، قیام اور میڈیکل امداد کے لئے کئے گئے عمدہ انتظامات کی بھی تعریف کی۔ تقریبا 470 پاکستانی عمرہ زائرین بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب میں رہ گئے تھے اور جنکو سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔