ترک ڈرامہ سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ اردو ڈبنگ کے ساتھ یکم رمضان المبارک سے پیش کی جائے گی، پی ٹی وی

پاکستان ٹیلی وژن دنیا کی سب سے بڑی ترک ڈرامہ سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ اردو ڈبنگ کے ساتھ یکم رمضان المبارک سے اپنے ناظرین کیلئے پیش کرے گا۔ پی ٹی وی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈرامہ کی کہانی بارہویں صدی میں مسلمانوں کی عالمی فتوحات، عظیم کارناموں اور عروج کے پس منظر میں لکھی گئی ہے۔

یہ ایک ایسے بہادر جنگجو کی کہانی ہے جس نے ایمان کی طاقت سے دنیا کے سب سے بڑے علاقے پر اسلام کا پرچم بلند کیا۔ موجودہ نسل کو مسلمانوں کی عظمت رفتہ سے روشناس کرانے کیلئے یہ ڈرامہ بلاشبہ ایک شاہکار ہے۔ ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی پی ٹی وی ہوم پر یکم رمضان سے ہر شب رات 9 بج کر 10 منٹ پر پیش کیا جائے گا۔ ڈرامہ کی ہر قسط رات 12 بجے اور اگلے دن 12 بجے نشر مکرر کے طور پر پیش کی جائے گی۔