سعودی عرب میں کورونا کے 1141 نئے کیسز رپورٹ، مزید 5افراد جاں بحق ہوگئے

سعودی عرب میں کورونا کے 1141 نئے کیسز رپورٹ، مزید 5افراد جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں آج کورونا کے 1141 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 12ہزار 772ہوگئی ہے جبکہ مزید 5افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اب تک ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 114ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ مملکت میں 82مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک 1812مریض صحتیاب ہوکر گھروں جاچکے ہیں اور اب مملکت میں ایکٹو کیسز کی تعداد 10ہزار 846 ہے۔ ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا کہ 76 فی صد نئے کیس فیلڈ ٹیسٹنگ کے دوران ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس وقت 150 ٹیمیں ملک بھر میں گھر گھر جا کر ٹیسٹ کررہی ہیں اور اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے رمضان المبارک کے دوران میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کردہ کرفیو کے اوقات پر نظرثانی کی ہے اور اب شہریوں کو صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ضروری کاموں اور ضروریات زندگی کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا کہ جن شہروں اور علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ نہیں ہے، ان کے مکینوں کو رمضان المبارک میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے کے درمیان گھروں سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔
تاہم جن علاقوں میں مکمل لاک ڈان نافذ ہے،ان کے مکینوں کو صبح نو سے شام پانچ بجے تک صرف اشیائے ضروریہ کی خریداری یا طبی معائنے کی غرض سے گھر سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ ان علاقوں کے مکین موجودہ پابندی کی طرح صرف اپنے محلوں تک محدود رہیں گے اور ایک کار میں صرف دو افراد کو سوار ہونے کی اجازت ہوگی۔ بیان میں وضاحت کی گئی کہ جن علاقوں کو قرنطینہ قراردیا گیا ،ان کے مکینوں کو کسی بھی وقت اپنے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔سعودی حکومت کے ان اقدامات کا مقصد کرونا کے مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔