پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کو ہرصورت کامیاب کروائیں گے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نامزد امیدواروں کو ہرصورت کامیاب کروائیں گے، خواہش ہے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہو، سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے، سیاست میں پیسا استعمال کرنے والے نشان عبرت بن گئے ، پی ٹی آئی اپنی آئندہ نسلوں کی بہتری کا سوچتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے گورنرخیبرپختونخواہ اور وزیر اعلیٰ کے پی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی معاشی اور انتظامی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اسی طرح وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت سینیٹ الیکشن سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں نوشہرہ ضمنی الیکشن کا تذکرہ ہوا، پرویز خٹک نے الیکشن ہارنے کی وجوہات بتائیں۔
الیکشن میں باقاعدگی کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا اصل محور عوام ہیں،بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسا بنانے کیلئے استعمال کیا، ان لوگوں نے ہرجگہ پیسا استعمال کیا اب ان کی حالت نشان عبرت ہے،ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں پیسا عوام کی خدمت کی بجائے پیسا چوری کیا گیا، انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہرنعمت سے نوازا ہے ، جس معاشرے میں اخلاقیات ختم ہوجائیں وہ معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہو، عدالت کا فیصلہ جو بھی ہو، قبول کریں گے،پارٹی جس امیدوارکو نامزد کرے گی اس امیدوار کو کامیاب کروائیں گے۔اسی طرح تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے بھی سینیٹ انتخابات جیتنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی ہے، ق لیگ اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت ارکان اسمبلی سے رابطے کریں گے، پنجاب میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت انتخابات میں اپوزیشن کو شکست دیں گے۔