برطانیہ کے شہزادہ فلپ انتقال کر گئے

برطانیہ کے شہزادہ فلپ انتقال کر گئے ، شاہی خاندان نے تصدیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق بکنگھم پیلس کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے شہزادہ فلپ 99 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ، ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کچھ عرصہ سے بیمار تھے ، جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے اور آج صبح کے وقت مختصر علالت کے بعد ونڈسر کیسل میں ان کا انتقال ہوگیا ، شاہی خاندان کی طرف سے آج دوپہر کے وقت شہزادے کی موت کا اعلان بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا۔
شاہی بیان کے مطابق ملکہ برطانیہ نے گہرے رنج اور غم کے ساتھ اپنے پیارے خاوند ہز رائل ہائینس ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی موت کا اعلان کیا ہے ، شہزادہ فلپ آج صبح ونڈسر کیسل میں پرسکون انداز میں چل بسے ، مزید یہ کہ تین ہفتے قبل ہی شہزادہ فلپ کے انفیکشن کا علاج اور ان کے دل کی کامیاب سرجری کی گئی تھی جس کے لیے انہیں 28 روز تک ہسپتال میں قیام کرنا پڑا ، 99 سالہ شہزادہ فلپ کو اسپتال میں داخل کرنے کا مشورہ ان کے ڈاکٹروں نے دیا۔
شہزادہ فلپ 10 جون 1921 کو پیدا ہوئے تھے ، 1947 میں ان کی شادی ملکہ الزبتھ دوم کے ساتھ ہوئی ، فلپ اور الزبتھ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک ساتھ زندگی گزارنے والا شاہی جوڑا ہے ، شہزادہ فلپ اور ملکہ برطانیہ کے 4بچے ہیں ، شہزادہ فلپ کے 4بچو ں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے جب کہ ان کے آٹھ پوتے اور 10 پڑ پوتے اور پوتیاں بھی ہیں۔